جشن آزادی رسہ کشی مقابلوں کیلئے شیڈول کا اعلان

پشاور( صباح نیوز) خیبرپختونخوا رسہ کشی ایسوسی ایشن نے جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے شیڈول جاری کردیا۔ خیبرپختونخوا رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل تاج محمد خان نے کہا کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی صوبائی ایسوسی ایشن جشن آزادی بھرپور انداز سے منعقد کررہی ہے جس میں 10 اگست سے 30 اگست تک خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت فاٹا میں بھی مقابلے منعقد کئے جائینگے۔تاج محمد خان نے کہا کہ صوبائی ایسوسی ایشن نے رسہ کشی کھیل کو بہت کم عرصے میں گراس روٹ لیول پر فروغ دیا۔ ہمیشہ ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ رسہ کشی کو ہر محلہ اور گلی تک پھیلائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ میں صوبائی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جشن آزادی شیان شان طریقے سے منایا جارہا ہے جس میں 10 اگست سے لیکر 30 اگست تک مختلف مقامات پر مقابلے منعقد کئے جائینگے جس میں ترناب سپورٹس میلہ ، مہمند ایجنسی رسہ کشی مقابلے ، انڈر 19 رسہ کشی مقابلے پشاور ، ثمر باغ رسہ کشی مقابلے کے علاوہ تمام ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز میںانٹر ڈسٹرکٹ مقابلے شامل ہیں۔