وسیم اختر کو راستے سے ہٹاکر ایم کیو ایم کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی ہے :فاروق ستار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ وسیم اختر کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی،انہیں راستے سے ہٹانے کا مقصد ایم کیو ایم کو تقسیم کرنا ہے۔کراچی میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کراچی تک محدود رکھنا نا انصافی ہے ،ہم رینجرز کی توسیع کی مخالفت نہیں کرتے مگر مدت کا تعین کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بتا یا جائے کہ کب پولیس کراچی میں امن قائم کرنے کے قابل ہو گی ،کیا کراچی پورے سندھ سے مختلف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اختیارات اور پیسے دئیے جائیں تو کراچی میں امن کا قیام اور مسائل حل کر کے دکھائیں گے ،ہمیں وسائل نہیں چاہئیں ،کراچی کا ٹیکس بھی آپ اپنے پاس رکھیں ۔ فاروق ستار نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں بازیاب کارکنوں سے پوچھیں وہ کہاں تھے ،کارکنوں کی بازیابی کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔انہوں نے مزید کہاکہ آفتاب احمد کی انکوائری رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی ،عدالت ایم کیو ایم کے لاپتا کارکنوں کی بازیابی کا نوٹس لے ۔