سندھ میں رینجرز کی کارروائیوں سے قتل کی وارداتوں میں 44فیصد کمی آئی :ترجمان رینجرز

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )تر جمان رینجر ز نے کہا ہے کہ سندھ میں رینجرز کی کارروائیوں کے نتیجے میں قتل کی وارداتوں میں 44فیصد کمی آئی ،ڈکیتی کی وارداتوں میں 53فیصد تک کمی آئی اور اغوا برائے تاوان کی شرح میں 77فیصد کمی آئی ۔انہوں نے کہا کہ رینجرز نے 5ستمبر 2013سے لے کر اب تک جتنے بھی آپریشن کیے ان سے اندرون سندھ میں امن کے قیام میں بہتری آئی ۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں آرٹیکل 147کے تحت اختیارات دئیے گئے تھے جن کے تحت اندرون سندھ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں ۔انہوں نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن میں پولیس رینجرز کی معاونت کرتی رہی ہے ۔ترجمان رینجر ز کا مزید کہنا تھا کہ کارروائیوں کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں نمایا ں کمی اور امن کے قیام میں بہتر ی آئی ہے ۔