تھسارا پریرا ورلڈ کپ میں اہم ہتھیار ثابت ہو نگے:سماراویرا
کولمبو(آن لائن) سری لنکن ٹیم کے بیٹنگ کوچ تھیلان سمارا ویرا نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر تھسارا پریرا آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ میں ٹیم کا اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پریرا نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران بحیثیت بلے باز اپنی کارکردگی کو کافی حد تک بہتر کیا ہے، انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں مشکل وقت میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا اور آؤٹ ہونے کے بعد بھی وہ ڈریسنگ روم میں مایوس نظر آئے کیونکہ ان کے پاس سنچری بنانے کا موقع تھا۔انہوں نے کہا کہ پریرا ورلڈ کپ میں ٹیم کیلئے بہت اہم ہوں گے اسلئے ہم نے انہیں آگاہ کر دیا ہے کہ بیٹنگ و باؤلنگ کو بہتر بنائیں تاکہ میگا ایونٹ میں ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے ہاتھوں پہلے ون ڈے میں شکست کے باوجود کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔
دوسرا میچ جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔