رنگنا ہیراتھ کا نومبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

رنگنا ہیراتھ کا نومبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کولمبو(اے پی پی) سری لنکن ٹیم کے مایہ ناز سپنر رنگنا ہیراتھ نے رواں برس نومبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیا دے دیا۔ ہیراتھ نے 2016ء میں ٹیسٹ کیریئر کو طول دینے کی غرض سے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن اب وہ 40 برس کے ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں اب تمام طرز کی کرکٹ چھوڑ دینی چاہیے۔ ہیراتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے طویل عرصے تک بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کا موقع ملا، میں نے 18 سال تک کیریئر کے دوران ٹیم کیلئے جو کچھ کیا مجھے اس پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کرکٹر کی زندگی میں یہ وقت آتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ میرا وقت بھی آ گیا ہے کہ میں تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دوں، میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران کوچ اور کپتان سے اس بارے مشاورت کر کے اپنے پلان کو حتمی کروں گا اسلئے مجھے لگتا ہے کہ نومبر میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول میرے کیریئر کی آخری سیریز ہو گی اور تب تک میں ہر ٹیسٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ ہیراتھ نے 90 ٹیسٹ میچز میں 418 وکٹیں لے رکھی ہیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین لیفٹ آرم باؤلر ہیں۔