ادائیگیاں نہ ہو سکیں ، ترک کمپنیوں نے صفائی آپریشن مکمل طور پر بند کرنے کی دھمکی دیدی
لاہور( جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت میں صفائی کی ٹھیکیدار ترکی کی دو کمپنیوں اوز پاک اور البراک نے چار ارب روپے کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث شہر کو گندگی میں تبدیل کردیا ہے جبکہ دوسری طرف دونوں کمپنیوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی اور چیئرمین ڈی سی لاہور کووارننگ جاری کردی ہے کہ اگر انہیں آٹھ روز کے اندر ادائیگی نہ کی گئی تو پھر وہ صفائی آپریشن مکمل طور پر بند کرنے پر مجبو ر ہو جائیں گے اور معاہدہ اگر ختم ہوتا ہے تو پھر اس کی تمام ترذمے داری حکومت پنجاب پر ہو گی اور جرمانہ بھی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ادا کرنا پڑے گا ۔بتایا گیا ہے کہ کمپنیوں نے صفائی کا کام کئی روز سے 80سے90 فیصد تک روک رکھا ہے اور 10فیصد ایسے علاقوں کی صفائی کی جارہی ہے جو کہ وی آئی پیز کی گزر گاہیں یا پھر ان کی رہائش گاہیں ہیں باقی 90فیصد لاہور میں صفائی اور کوڑے کے ڈھیر اٹھائے نہ جانے سے پورا شہر گندگی کے گڑھ میں تبدیل ہو چکا ہے ۔سب سے برا حال پسماندہآبادیوں میں ہے جہاں بازاروں اور چوراہوں میں پڑے ہوئے فلتھ ڈپو خالی ہی نہیں کئے گئے اور ان علاقوں میں بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے ۔اس حوالے سے ایم ڈی کمپنی فرخ بٹ کا کہنا ہے کہ صفائی کا نظام بہتر بنانے اور کمپنی کو ادائیگی کے حوالے سے میٹنگ ہوئی ہے ڈی سی لاہور نے ادائیگی کی حامی بھری ہے جس کے بعد حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں گندگی نہیں ہے پسماندہ علاقوں میں کہہ سکتے ہیں۔دوسری طرف ڈی سی لاہور انوار الحق کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی صفائی میں ناقص کارکردگی کا نوٹس لے لیا گیا ہے اگر ادائیگی میں تھوڑی دیر ہو جائے تواس کا مطلب نہیں کہ کام ہی روک دیا جائے ۔