نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا،محمد عالم

نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا،محمد عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) حصول پاکستان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔اسلام کے نام پر قائم ہونیوالی یہ مملکت تاقیامت قائم ودائم رہے گی۔1945-46ء کے انتخابات کے دوران طلبہ نے قائداعظمؒ کا پیغام برصغیر کے گھر گھر پہنچایا۔ قائداعظمؒ نے پورے برصغیر میں مسلمانوں کو منظم کر کے عظیم مشن کو مکمل کیا۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن محمد عالم نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں 71ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچر کے دوران طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔محمدعالم نے کہا قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت اور کارکنان تحریک پاکستان کی انتھک محنت اور قربانیوں کی بدولت 14اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔

اور ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔ نوجوان اس تحریک کا ہراول دستہ تھے۔ قائداعظمؒ کو طلبہ سے بڑی محبت تھی اور انہیں ان سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 1946ء کے انتخابات میں اسلامیہ کالج ،لاہور کے طلبہ نے پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے مسلم لیگی امیدواروں کی مہم بڑے زوروشور سے چلائی۔ قیام پاکستان کے وقت لٹے پٹے مہاجرین کی خدمت اور ان کی آبادکاری میں ہر فرد نے اپنی بساط سے بڑھ کر خدمات انجام دیں۔ محمد عالم نے کہا کہ میں موجودہ حالات سے مایوس نہیں ہوں اور مایوسی کی باتیں بھی نہیں کرنی چاہئیں۔
محمد عالم