مسترد شدہ جماعتیں پی ٹی آئی نہیں عوام کے خلافاتحاد بنا رہی ہیں،مسرت جمشید
لاہور ( سٹی رپورٹر)تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ انتخابات میں شکست کھانے والی (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) سمیت دیگر جماعتیں در حقیقت تحریک انصاف نہیں بلکہ عوام کے خلاف اتحاد بنا رہی ہیں۔
، ہمیشہ اپنے مفادات کا تحفظ کرنے والی جماعتوں کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اس لئے دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن عوام ان سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں خواتین کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ کئی دہائیوں سے اقتدار کی باریاں لینے اورحکومت میں آکر عوام کا خون چوسنے والی جماعتوں کو ابھی تک اپنی شکست کا یقین نہیں آرہا ،پی ٹی آئی کی واضح اکثریت موجود ہونے کے باوجود مذکورہ جماعتیں حرص و لالچ میں وزیر اعظم ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کیلئے ہاتھ پاؤں ماررہی ہیں ۔