پی ایس پی قائد نے خودداری اور خود انحصاری کا نعرہ لگایا،الطاف شاہد

پی ایس پی قائد نے خودداری اور خود انحصاری کا نعرہ لگایا،الطاف شاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی برطانیہ ویورپ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ ہمارے قائد سیّدمصطفی کمال نے خودداری اورخودانحصاری کانعرہ لگایا ،ان کے اس فلسفہ سیاست سے خوفزدہ عناصرنے پی ایس پی کواسمبلیوں سے باہررکھنے کیلئے منفی ہتھکنڈ وں کی انتہا کردی ۔سیّد مصطفی کمال ،انیس احمدقائم خانی اور رضا ہارون کی انتخابی سرگرمیوں اورعوامی پذیرائی دیکھتے ہو ئے پی ایس پی کی سندھ اورمرکز میں بڑی کامیابی یقینی تھی ۔یہ دورعارضی ہے ،پی ایس پی عوامی طاقت سے حکومت میں آئے گی اورآئندہ کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پی ایس پی کے ووٹرزنے بخوبی اپناحق اداکیامگرایک سازش کے تحت ہمارے امیدواروں کوہرایا گیا۔


وہ اپنے زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ پی ایس پی مصنوعی سیاسی کرداروں کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ اپنی فہم وفراست اورسیاسی بصیرت کالوہامنوانے والے سیّدمصطفی کمال اوران کے ٹیم ممبرزکاکوئی متبادل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت اپنے چوری ہونیوالے مینڈیٹ کی واپسی کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑے گی ۔حالیہ انتخابی نتیجہ ہرگز قبول نہیں تاہم مادروطن اورہم وطنوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کرنیوالے اوران کے سہولت کاروں کاتعاقب اورمحاسبہ جاری رہے گا۔ متحدہ اپوزیشن کااعلامیہ جمہوریت کی بقاء کیلئے اعلان جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک خاص مائنڈسیٹ کی حامل جماعت کے ہاتھوں میں پاکستان کی باگ ڈوردینے کیلئے سنجیدہ اورتجربہ کارسیاسی قیادت کے مینڈیٹ میں نقب لگائی گئی ۔ڈر ہے ناتجربہ کاراوراناڑی پاکستان کوتختہ مشق نہ بنادیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجربات کرنیوالے اس پررحم کریں اورعوام کو آزادانہ ماحول میں باصلاحیت قیادت منتخب کرنے کاحق دیاجائے۔ پی ایس پی کی قیادت پرعزم اورہماراسیاسی مستقبل روشن ہے ۔