نئی حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج دینا ہوگا

نئی حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج دینا ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) سارک چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر اور یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو پاکستان کی طرف متوجہ کرنے کے لئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرنا ہوگا۔ جمعہ کو جاری اپنے بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ مینو فیکچرنگ اور انفراسٹر کچر سیکٹرز میں پائیدار ترقی کیلئے طویل مدتی غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا راستہ کھولنا ہوگا کیونکہ اس سے روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ حکومت جرات مندانہ اقتصادی پالیسیوں کا اعلان کرے تو ملکی اقتصادی حالات میں فوری بہتری ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو قومی اداروں کی مضبوطی، بدعنوانی کے خاتمے اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے بھی ایک قدم آگے جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اٖضافہ کے لئے بہترین منصوبہ بندی، سرخ فیتے کے خاتمہ اور غیر ضروری قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کے علاوہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ تمام سہولیات فراہم کرنا ہونگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ حکومت تیز رفتار ترقی اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں مثلاً سکیورٹی، توانائی اور غیر متوازن پالیسی جیسے اہم مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و جمہوری عمل کے تسلسل سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے جس کا اظہار اسٹاک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر کی حیثیت سے بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کے دوران ان کی اس حوالے سے غیر ملکی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت ہوتی رہی ہے اور ان میں سے اکثر کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور میڈیا چینلز اپنے پروگراموں کے ذریعے ملک کی اچھی تصویر پیش کر رہے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کار سمجھتے ہیں کہ امن وامن اور معاشی صورتحال کے تناظر میں پاکستان ایشیا کی بڑی طاقت بنے گا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران ترقی کے ایجنڈا کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے نئی حکومت کے متوقع وزیر خزانہ اسد عمر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ؂ہو گا اور یہ بھی کہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری کا حامل اور ایک ارب ڈالر کی کمپنی کو کامیابی سے چلانے والا وزیر خزانہ 313 ارب ڈالر کی مشکلات سے دوچار معیشت کو کتنی کامیابی سے چلائے گا اور اس کی بحالی کیلئے کیا انقلابی اقدامات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے اور مالیاتی نظام کی ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا، کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی اور صوبوں کی مالی خود مختاری سے متعلقہ امور بھی ایک بڑا چیلنج ہو نگے۔160انہوں نے مزید کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ کوئی فوری معاشی بحران درپیش نہیں ہے اور نئی حکومت کو بنیادی حقائق سے آگاہی کیلئے مناسب وقت مل جائے گا۔ انہوں نے تجویز کیا کہ آئندہ حکومت کو ایک بااختیار اقتصادی و سرمایہ کاری کمیٹی تشکیل دینی چاہیئے جس میں ایف پی سی سی آئی اور دیگر اہم کاروباری اداروں کی نمائندگی موجود ہو جو وقتاً فوقتاً پالیسیوں اور کارکردگی پر حکومت کو اپنی رائے اور تجاویز دے سکے تاکہ تیزرفتار معاشی ترقی کا حصول ممکن ہو سکے۔

مزید :

کامرس -