پی ٹی وی ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام فیملی شاپنگ فیسٹول
لاہور(فلم رپورٹر)آل پی ٹی وی ایمپلائز اینڈورکرز یونین (سی بی اے )کے زیر اہتمام پاکستان ٹیلیویژن لاہور سینٹر میں ملازمین کی فیملیز کے لئے عید الاضحی سے قبل عید فیملی شاپنگ فیسٹیول کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ لاہور سینٹر کے جنرل منیجر عبدالحمید قاضی اوریونین کے مرکزی صدر راحیل آصف خان اس فیسٹیول کے انتظام و انصرام میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔لاہور سینٹرمیں ملازمین کے لئے اس طرح کی سرگرمی کا انعقاد پہلی دفعہ کیا جا رہا ہے۔ملازمین کی خواہش پر پی ٹی وی انتظامیہ کی منظوری سے اس فیسٹیول میں معروف برانڈز کی مصنوعات رعائتی نرخوں پر حاصل کی جا سکیں گی ۔ شاپنگ کے علاوہ بچوں کے لئے جھولے اور کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔
اور فیسٹیول کے شرکا کو محظوظ کرنے کیلئے معروف گلوکار بھی اپنے فن کا جادو جگائیں گے ۔ پروگرام کے مطابق اس فیسٹیول کا آغاز 4 اگست 2018 بروز ہفتہ 3بجے سہ پہر ہو گا جبکہ اتوار 5اگست کو اس فیسٹیول کا آغاز صبح دس بجے ہو جائے گاجو رات دس بجے تک جاری رہے گا اور میوزک کا پروگرام بھی اسی روز شام کو ہو گا ۔اس فیسٹیول میں صرف ان فیملیز کو آنے کی اجازت ہو گی جن کے پاس یونین کی طرف سے جاری کردہ شرکت کاانٹری پاس ہو گا ۔