عامر سمیع خان کا نیا پنجابی ملی نغمہ تیاری کے آخری مراحل میں

لاہور( فلم رپورٹر) جشن آزادی کی آمد آمد ہے اور زندہ قومیں ہمیشہ اپنے وطن کی سالگرہ بڑے دھوم دھام سے مناتی ہیں،چودہ اگست کے پر مسرت موقع پر ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے وطن سے محبت کا اظہارکرے اور وہ بھی ذرا مختلف طریقے سے جسے لوگ پسند بھی کریں اور داد بھی دیں، گلوکار عامر سمیع خان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے وہ پچھلے دس برس سے میوزک انڈسٹری میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہوئے ہیں، اور ہمیشہ نئے سے نیا کام کر کے اپنی کامیابی کا لوہا منواتے آ رہے ہیں،عامر سمیع خان ہر سال اپنے وطن کی محبت میں ملی نغمہ تیار کرکے اپنے پیارے وطن کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،ان کا پچھلے سال گایا ہوا ملی نغمہ ’’ہم اس کے رکھوالے،طوفانوں کے پالے،تیری میری ہم سب کی یہ جان پاکستان ‘‘آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتا ہے ، اس برس بھی عامر سمیع خان وطن کی محبت میں ایک نیا پنجابی ملی نغمہ’’ اے دھرتی میری ماں لوکو‘‘کی آڈیو اور ویڈیوتیار کر رہے ہیں جس کی ریکارڈنگ اس ہفتے شروع ہو جا ئے گی،اس ملی نغمے کی خوبصورت شاعری ملک آصف شہزادعرف آصف پپونے کی ہے، جبکہ اس کا میوزک استاد خاور حسین نے ترتیب دیا ہے۔اسی ہفتے اس کی ویڈیو ریکارڈنگ کا آغاز بھی کردیا جائیگا جس میں عامر سمیع خان کے ساتھ سولجر ڈانس اکیڈمی کے ممبران بھی حصہ لیں گے۔اس ویڈیوکو ساز گولڈپروڈکشن ملک بھرمیں ڈی وی ڈی اور سوشل میڈیا پر ریلیز کر ے گی ،اس کی ریکارڈنگ کلک سٹوویو لاہورمیں جاری ہے،ایک ملاقات کے دوران عامر سمیع خان نے بتایا کہ ہم فنکار لوگ بھی اپنے وطن سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور اس وطن کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں یہی ہماری پہچان اور جان ہے، اس طرح وطن عزیز کوخراج تحسین پیش کرکے دلی راحت ملتی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اس بار میں ماں بولی زبان پنجابی میں ملی نغمہ تیار کر رہا ہوں جو کہ سننے والوں کوپسند آئے گا۔