آزادی نعمت، اہمیت کا اندازہ محکوم لوگوں کو ہے:میگھا

لاہور(فلم رپورٹر)فلم،ٹی وی اورسٹیج کی معروف اداکارہ ،ماڈل اور پرفارمرقتالہ سٹیج میگھا نے پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں آزادی کا جشن بڑی شان و شوکت کے ساتھ مناتی ہیں کیونکہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی اہمیت کا اندازہ صرف محکوم لوگوں کو ہی ہوسکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 14اگست 1947ء پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہرادن ہے جب دنیا کے نقشہ پر ایک آزاد خود مختار ملک کا سورج طلوع ہو ا تھا جس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا ۔یہ ملک ہمارے آباؤ اجدادنے خاصی قربانیوں کے بعد حاصل کیا اس لیے ہمیں اس پیارے پاکستان کی قدر کرنی چاہیے اللہ کرے یہ رہتی دنیا تک قائم رہے میگھا نے کہا کہ مجھے اس ملک کی ادنیٰ سی فنکارہ ہونے پر فخر ہے ۔میں جہاں بھی جاتی ہوں اس پیارے پاکستان کی شناخت میرے ساتھ ہوتی ہے اور وہاں میں اس کی شان بڑھانے میں ہر ممکن کوشش کرتی ہوں۔میگھا نے مذید کہاکہ میری دُعا ہے کہ ملک میں امن و امان اور محبتوں کی فضا قائم رہے میں خصوصاََنوجوان نسل سے کہوں گی کہ وہ اس ملک کا سرمایہ ہیں اور وہ اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔واضح رہے کہ اس سال پاکستان کا 71واں یوم آزادی منایا جارہا ہے اور سرکاری سطح پر اسے شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔