حکومت سازی مکمل، پنجاب سے متعلق عمران کے فیصلے سے عوام مایوس نہیں ہونگے، تحریک انصاف

حکومت سازی مکمل، پنجاب سے متعلق عمران کے فیصلے سے عوام مایوس نہیں ہونگے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر کپتان کے خلاف روایتی کرپٹ سیاست اور ’’سٹیٹس کو ‘‘کی قوتوں کا گٹھ جوڑ سامنے آ گیا اور کل کے حریف اپنے مفادات اور کرپشن کو چھپانے کیلئے دوبارہ حلیف بن گئے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز اور افسوسناک صورتحال ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم میں عمران خان اور تحریک انصاف پر الزامات لگاتے تھے اور آج دونوں ایک ہی تھالی میں آمنے سامنے بیٹھ گئے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ5برسوں کی سیاسی مہم میں عمران خان کا موقف درست ثابت ہوا کہ زرداری اور نواز بھائی بھائی ہیں انہوں نے ہمیشہ مفاہمت کے نام پر کرپشن کے تحفظ کی سیاست کی ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمودالرشید نے کہا ہے کہ یقین ہے عوام پنجاب سے متعلق عمران خان کے فیصلے سے مایوس نہیں ہونگے، حکومت سازی مکمل ہو گئی،وزارت اعلیٰ اور کابینہ کا اعلان48گھنٹوں میں ہو جائیگا، عمران حکومت کے پہلے 100دن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور سے بہتر ثابت ہونگے۔ اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ عمران خان پر قوم نے اعتماد کیا وہ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے، تحریک انصاف کی اولین ترجیح صحت و تعلیم اور روز گار ہوگا، عمران خان کی کامیابی سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا، عوام نے پی ٹی آئی پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا وہ عوامی پذیرائی کا کھلا ثبوت ہے، پی ٹی آئی کا حکومتی سیٹ اپ تشکیل پاتے ہی وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی بہتر خدمت کرینگی اور وسائل کوبروئے کارلاکرملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر یں گے،قانون سب سے لیے برابر ہوگا کوئی قانون شکن قانون سے بالا نہیں۔
تحریک انصاف

مزید :

صفحہ آخر -