پاکستان کیلئے امریکی امداد میں کمی، حقانی اور لشکر طیبہ کیخلاف کارروائی کی شرط ختم

پاکستان کیلئے امریکی امداد میں کمی، حقانی اور لشکر طیبہ کیخلاف کارروائی کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی کانگریس کی طرف سے منظور کردہ نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن (دفاعی) بل کے تحت جہاں پاکستا ن کی فوجی امداد مزید کم کرکے 15 کروڑ ڈالر سالانہ کر دی گئی وہیں امداد کو حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ کیخلاف کارروائی سے مشروط کرنے کی شق بھی ختم کردی گئی۔ امریکی حکومت کے یکم اکتوبر سے شروع ہونیوالے مالی سال کیلئے منظور کئے جانیوالے اس بل میں دفاعی اخراجا ت کیساتھ ساتھ دفاع سے متعلق پالیسی امور کی بھی منظوری دی جاتی ہے۔ نیشنل ڈیفنس آتھورائزیشن ایکٹ کہلانے والے اس بل کو ایوان نمائندگان نے گزشتہ ہفتے منظور کرلیا تھا۔ اب اسے سینیٹ نے منظور کرکے حتمی صورت دیدی ہے ، سینیٹ نے اس بل کو دس کے مقابلے پر 87 ووٹوں سے منظور کیا۔اس بل کے تحت امریکی فوج کو 77 نئے ایف 35 طیارے خریدنے کیلئے ساڑھے سات ارب ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔ یہ طیارے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن تیار کرے گی۔امریکی ایوان نمائندگان کے بعد امریکی سینیٹ کی طرف سے 716 ارب ڈالر (تقریباً 900کھرب روپے) سے زائد کا منظور کردہ دفا عی بجٹ صدر ٹرمپ کے دستخط کیلئے وائٹ ہاؤس بھیج دیا گیاہے ، دستخط ہونے کے بعد یہ قانون کی حیثیت اختیار کرلے گا۔نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن بل کے حق میں 87 اور مخالفت میں 10 ووٹ ڈالے گئے ۔ امریکی دفاعی بجٹ بل میں پاکستان کو فوجی امداد اپنی سرحدوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کی مد میں دی جائیگی ۔یہ رقم ماضی میں امریکہ کی جانب سے پاکستان کو سکیورٹی اور کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں دی جانیوالی امداد سے کہیں کم ہے جو 75 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک ہوا کرتی تھی ۔واضح رہے گزشتہ برس امریکہ نے اپنے دفاعی بجٹ میں پاکستان کیلئے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں 70 کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔دوسری جانب منظور کیے جانیوالے بِل میں کوئی ایسی شق بھی شامل نہیں کہ امریکہ پاکستان کو یہ امداد انسدادِ دہشت گردی کیلئے کی جانیوالی اس کی کارروائیوں کے معاوضے کے طور پر ادا کرے گا ۔ ما ہر ین کے مطابق امداد کی فراہمی کیلئے ماضی میں عائد کی جانیوالی ان شرائط کے خاتمے سے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) اپنی اس صلاحیت سے محروم ہوگیا ہے، جس کے ذریعے وہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک اور دیگر سرگرم دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیلئے دباؤ ڈال سکتا تھا۔امریکی دفاعی بل میں اوور سیز وار فنڈنگ کی مد میں 69 ارب ڈالرز جبکہ پینٹاگون کے ایئر اور سی فلیٹ اور دفاعی میزائلوں کے جدید سسٹمز کیلئے 10 ارب ڈالر بھی مختص کیے گئے ہیں۔
شرط ختم

مزید :

صفحہ آخر -