بیت اللہ کی خدمت نعمت خداوندی ہے *۔۔۔۔۔۔۔۔۔شیخ ڈاکٹر المعیقلی

بیت اللہ کی خدمت نعمت خداوندی ہے *۔۔۔۔۔۔۔۔۔شیخ ڈاکٹر المعیقلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مکہ مکرمہ (بیورورپورٹ ) مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی نے واضح کیا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے مرکز توحید کیلئے مکہ مکر مہ اور اسکی خدمت و پاسبانی کیلئے سعودی عرب کا انتخاب کیا۔سعودی عرب اسکے قائدین اور عوام نے خود کو ملنے والے آسمانی اعزاز کا حق ادا کرنے کیلئے تن من دھن کی قربانیاں دیں۔ وہ ایمان افروز روحانی ماحول میں دنیا بھر سے آئے ہوئے ضیوف الرحمن کو جمعہ کا خطبہ دے ر ہے تھے۔ خطبہ سننے والوں میں پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور ایران کے عازمین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ امام حرم نے کہا اللہ تعالیٰ کی تعظیم ہر انسان پر واجب ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ مقدس ہیں۔ اللہ پر ایمان ضروری ہے۔ جب تک اسمائے حسنیٰ پر مکمل اور گہرا ایمان نہیں ہوگا تب تک ایمان درست نہیں ہوگا۔ انسان جتنا زیادہ اللہ تعالیٰ کی عظمت سے واقف ہوتاچلا جائیگا اتنا ہی زیادہ اللہ کی تعظیم اور اس کی تکریم کا احساس اس کے دل میں بڑھتا چلا جائیگا۔ اللہ تعالیٰ اپنی ہستی ، اپنی صفات اور اپنے اسماء کے لحاظ سے عظیم ہے ۔ دنیا کے تمام انسان رب کی جتنی بھی تعظیم کرلیں، وہ تعظیم کا حق ادا نہیں کرسکتے۔جو شخص اللہ تعالیٰ کی تعظیم کرتا ہے اسے بندے کی حیثیت سے اپنی کم مائیگی او ررب کی عظمت شان معلوم ہوجاتی ہے۔ ایسا انسان کبھی اللہ کی سرتابی کی جرات نہیں کرسکتا۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی تمام بستیوں میں مکہ مکرمہ کو سب سے منفرد اور مقدس بنایا۔ اسے اپنی ذات کی طرف منسوب کیا۔ اللہ تعالیٰ نے مقدس شہر کے امن و امان میں خلل کا ارادہ کرنیوالوں کو درد ناک عذاب کا انتباہ دیا۔ اس بات سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے اگرکوئی شخص مقدس شہر میں کسی جرم کا ارتکاب کریگا تو ایسے شخص کیلئے اللہ تعالیٰ کی وعید اور اسکا عذاب کتنا بھیانک ہوگا۔ ایسا شخص اللہ تعالیٰ کے یہاں کتنا مکروہ اور ناپسندیدہ ہوگا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے جو صحیح بخاری میں مذکور ہے۔ ارشاد یہ ہے کہ ’’اللہ تعالیٰ کو 3طرح کے لوگ سب سے زیادہ ناپسند ہیں۔ رسول کریم ؐنے ان 3 میں سے ایک اس شخص کو بتایا جو حرم شریف میں زیادتی کا مرتکب ہو۔ امام حرم نے کہاکہ اللہ نے اپنے بندوں کو بہت ساری نعمتوں سے نواز رکھا ہے۔ ان میں سے ایک نعمت بیت اللہ کی خدمت ہے۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ؐ کے امام و خطیب شیخ علی الحذیفی نے جمعہ کا خطبہ اہل ایمان کیلئے خود احتسابی کے موضوع پر دیا۔ انہوں نے کہاانسان کی صلاح و فلاح کا دارو مدار اپنے آپ کو قابو میں رکھنے، خود احتسابی اور ہر چھوٹی بڑی بات اور عمل ناپ تول کر کہنے اور کرنے پر ہے۔ جو شخص اپنے کردار و گفتار کو کنٹرول کرتا ہے اپنے نفس کا احتساب کرتا ہے اور دل و دماغ میں آنیوالے خیالات و احساسات کو اللہ کی مرضی کا پابند بناتا ہے ایسا انسان کامیاب رہتا ہے۔ مو من کی شان یہ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنا احتساب کرے اور اپنے کردار و گفتار پر نظر رکھے۔

مزید :

صفحہ آخر -