الیکشن کمیشن کو کامیاب امیدواروں کے نوٹس روکنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائی کورٹ نے الیکشن کمشن کو حلقہ این اے 108فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب ،پی پی 129جھنگ سے آصف کاٹھیہ اور حلقہ این اے 90سرگودھا سے مسلم لیگ (ن) کے حامد حمید کی کامیابی کے نوٹس جاری کرنے سے روک دیا ہے ۔عدالت نے حلقہ پی پی 123پیرمحل ،پی پی 177قصور اور پی پی 118ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم جاری کردیا ہے جبکہ عدالت عالیہ نے حلقہ پی پی 54گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔عدالت عالیہ نے حلقہ این اے 108فیصل آباد سے کامیاب امیدوار فرخ حبیب کا نوٹیفکیشن روکنے کا عبوری حکم سابق وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے راہنما عابد شیر علی کی درخواست پر جاری کیا ،عدالت نے الیکشن کمشن اور دیگر مدعاعلیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔دوسرے مقدمہ میں ،عدالت نے پی پی 129جھنگ سے ناکام آزادامیدوار مادھولعل حسین کی درخواست پرالیکشن کمشن کو اس حلقہ سے کامیاب امیدوار آصف کاٹھیہ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا جبکہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔تیسرے مقدمہ میں لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کوحلقہ این اے 90 سرگودھا سے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار حامد حمید کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے تاحکم ثانی روک دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر ودیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر نادیہ عزیز کی درخواست پر سماعت کی۔لاہور ہائی کورٹ نے پی پی 123پیر محل سے مسلم لیگ (ن) کے ناکام امیدوار سیدقطب علی شاہ کی درخواست پر حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا ہے ،ایک اور مقدمہ میں لاہور ہائی کورٹ نے پی پی 177 قصور میں دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا ،یہ حکم مسلم لیگ (ن) کے احسن رضا کی درخواست پر جاری کیا گیا۔لاہور ہائی کورٹ نے پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دوبارہ گنتی کا حکم پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار اسد زمان کی درخواست پر جاری کیا۔دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ پی پی 54 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعدفیصلہ محفوظ کر لیا ،جسٹس مامون رشید شیخ نے پاکستان تحریک انصاف کے ناکام امیدوار رضوان اللہ بٹ کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حلقہ پی پی 54 گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمران خالد بٹ کو 1552 ووٹوں سے برتری حاصل ہوئی ،ریٹرننگ افسر کو حلقہ پی پی 54 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے درخواست دی گئی جسے مسترد کر دیا گیا۔
نوٹس روکنے کا حکم