زرداری اور فریال تالپور کیخلاف مقدمہ سیاسی انتقام ہے :ڈاکٹر نفیسہ شاہ

زرداری اور فریال تالپور کیخلاف مقدمہ سیاسی انتقام ہے :ڈاکٹر نفیسہ شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف ایف آئی اے کی کاروائی کو سیاسی انتقام، جھوٹ کا پلندہ اور بددیانتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیئے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن اور جے آئی ٹی کے سربراہ نجف مرزا کو ہٹایا جائے، کیونکہ دونوں افسران پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف ذاتی عناد رکھتے ہیں۔ یہ مطالبہ پی پی پی پارلیمینٹرینز کی اطلاعات سیکریٹری ڈاکٹر نفیسہ شاہ، کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی اور سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سیل بلاول ہاوَس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور سردار نزاکت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پی پی پی رہنماوَں کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا افسران کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ تحقیقات ممکن نہیں ہے۔ بشیر میمن کا بھائی جی ڈی اے کا امیدوار تھا، جسے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے، جبکہ نجف مرزا کی رشتہ داری کس سے ہے وہ سب کو پتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ وہ افسر ہیں، جن کے خلاف آصف علی زرداری کی مدعیت میں ان پر جیل کسٹڈی کے دوران تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا مقدمہ درج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منفرد صورتحال ہے کہ ایک مجرم کو فریادی کے خلاف تحقیقات کے لیئے جے آئی ٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ رہنماوَں نے کہا کہ بشیر میمن اور نجف مرزا کی موجودگی میں جو تحقیقات ہوگی وہ سب کو پتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ سے الیکشن جیتنے کی سزا دی جارہی ہے۔ 2014 کے کیس کو الیکشن سے کچھ دن پہلے کیوں کھولا گیا اور چار سال کے دوران جب پیپلز پارٹی کی حکومت بھی نہیں تھی تو اس وقت کیوں اسے اٹھایا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ شروعات میں یہ صدر آصف علی زرداری کا نام شاہد کے طور پر داخل کیا گیا، لیکن بعد ازاں ان کا نام عبوری چالان میں شامل کیا گیا، جسے اعلیٰ عدالت میں چیلینج کیا گیا ہے۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئے اے جس اکاوَنٹ کی بات کر رہی ہے، وہ کوئی مشکوک اکاوَنٹ نہیں ہے بلکہ زرداری گروپ آف کمپنیز کا اکاوَنٹ ہے، جو ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے اور جس کا ہر سال آڈٹ ہوتا ہے۔ رہنماوَں کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی کی جانب سے تمام کاروائی کا مقصد فقط پیپلز پارٹی کی قیادت کی کردار کشی کرنا ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف الزامات ماضی میں بھی لگے، جو جھوٹے ثابت ہوئے اور اب ایف آئی اے کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا بھی سامنا کرے گی اور وقت ان الزامات کو بھی جھوٹا ثابت کرے گا۔