تاجپور سندیلہ:قبضہ گروپ کیخلاف آپریشن بزرگ خاتون کا مکان واگذر
ملتان (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے تاج پور سندیلہ کی رہائشی متاثرہ عمر رسید مختار مائی کا مکان موقع پر پہنچ کر قبضہ مافیا سے واگزار کروا دیا ہے جس پر ایک گروپ پچھلے(بقیہ نمبر40صفحہ7پر )
10سال سے قابض ہونے سمیت جعلی دستاویزات بھی بنوا چکا تھا۔ تفصیل کے مطابق تاج پور سندیلہ تحصیل صدر ملتان کی رہائشی مختار مائی نے ڈی سی ملتان کو درخواست دی تھی کہ اس کے شوہر وزیراحمد کے مکان واقع تاج پور سندیلہ پر بشیراں زوجہ کریم بخش‘ اعظم‘ ندیم‘ وسیم پسران کریم بخش‘ ایوب‘ جاوید و دیگر افراد پر مبنی گروہ نے قبضہ کررکھا ہے اور باقاعدہ رجسٹری برانچ کے عملہ سے ملی بھگت کرکے جعلی دستاویزات بھی تیار کروا رکھی ہے۔ جب بھی ان سے مکان خالی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تو مخالف گروہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں اور لڑنے مارنے پر اتر آتے ہیں۔ متاثرہ خاتون نے موقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر عارضہ قلب کا مریض ہونے سمیت عمررسید ہے جس کے باعث قابض گروہ ہمیں دھمکاتا رہتا ہے اور گھر میں خوف و ہراس کا ماحول طاری ہے۔ متاثرہ خاتون نے ڈی سی ملتان سے استدعا کی ہے کہ اس کے خاوند وزیراحمد کی ملکیتی اراضی بارہ مرلہ پر تعمیرشدہ مکان کو ناجائز قبضہ گزاروں سے واگزار کروا کر قبضہ مافیا کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی ملتان مدثر ریاض ملک نے موقع پر عدالت لگا کر فریقین کو سننے اور اصلی دستاویزات کی تصدیق کرنے کے بعد قبضہ مافیا سے مکان واگزار کروا کر متاثرہ خاتون کے حوالے کردیا ہے۔
مکان واگزار