ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات،کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) عام انتخابات میں جیت کے بعد تحریک انصاف حکومت سازی میں مصروف ہیں اور عمران خان کی قومی اور بین الاقوامی رہنماؤں کیساتھ ملاقاتیں جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی سفیر نے بنی گالہ میں عمران خان کیساتھ اہم ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر ایرانی صدرکی جانب سے مبارکباد دی،ایرانی سفیرنے پاکستان میں نومنتخب حکومت کیساتھ تعاون ،اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کر دیا ، اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا،ملاقات میں شاہ محمود قریشی،شیریں مزاری اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔
ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعاون کی تمام راہیں کھلی ہیں ،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مضبوطی ہماراہدف ہے،خطے کی صورتحال نہایت حساس ہے،ایران خطے میں امن کیلیے پاکستان کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گا،گیس پائپ لائن منصوبے پرپاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کیلیے تیار ہیں،ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کا مستقبل بدل سکتا ہے.
چیئرمین تحریک انصاف نے ایرانی صدر کی جانب سے تہنتی پیغام پہنچانے اور مبارکباد دینے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ تجارت کا خواہاں ہے، اپنی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے جب کہ ہم ایران اور سعودی عرب کے مابین تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
عمران خان نے دورہ ایران کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دورہ کرنے اور تاریخی مقامات کی زیارت کی خواہش ہے۔