گلگت بلتستان میں سکولوں کو جلانا قابل مذمت،ذمہ داران کوجلدگرفتارکرکے سزادی جائے:صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیرجماعت اسلامی میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں سکولوں کوجلانے کا عمل تشویش ناک اور قابل مذمت ہے،ایک سازش کے تحت درس گاہوں کونشانہ بنایا گیا ہے تاکہ عالمی دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوسکے،سکولوں کو جلانے کے واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث افراد کو جلدازجلدگرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے۔
صوبائی دفتر منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئےمیاں مقصود احمد نے کہاکہ دہشتگردی کے عفریت نے ملک وقوم کو شدید متاثر کیا ہے،نئی آنے والی حکومت کو اپنی خارجہ پالیسی کاازسرنوجائزہ لینا ہوگااور جن پالیسیوں کا تسلسل جنرل(ر)پرویزمشرف،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن)نے جاری رکھا ان کو بدلنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پرویزمشرف کی بزدلانہ پالیسیو ں کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،نام نہادامریکی جنگ میں پاکستان کے70ہزار افراد شہید اور سواسوارب ڈالے کا معاشی دھچکہ برداشت کرنا پڑاہے،ہم سب کو مل کر دنیا میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے،ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے،نیب کی جانب سے بڑے پیمانے پر اداروں اور کرپٹ افراد کے خلاف انکوائریاں شروع کرنے کااقدام خوش آئند ہے،کرپشن اور کرپٹ افراد ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہا کہ امریکی اخبارنیویارک ٹائمزکی کشمیر کے بارے میں حالیہ رپورٹ نے حقیقت حال واضح کردی ہے کہ اب کوئی کشمیری بھارت کا حصہ نہیں بننا چاہتا،کلچر آف ڈیتھ پورے بھارت میں پھیل رہاہے۔انہوں نے کہاکہ نیویارک ٹائمز کی چشم کشارپورٹ عالمی دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے،اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری اداکرتاتوآج مسئلہ کشمیر حل ہوچکا ہوتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،پاکستان بھارت کے درمیان سب سے بڑامسئلہ جموں وکشمیر ہے،اس کے حل تک جنوبی ایشیامیں امن قائم نہیں ہوسکتا۔