عیدالاضحی، ایک ہی دن پر سب متفق

عیدالاضحی، ایک ہی دن پر سب متفق

رویت ہلال کمیٹی نے معتبر شہادتوں کی بنا پر چاند کی رویت کا اعلان کر دیا،جس کے مطابق جمعہ کی شام ملک کے متعدد شہروں میں چاند نظر آ گیا اور ہفتہ کو ذوالحج کی یکم تاریخ اور پاکستان میں عیدالاضحی 12اگست پیر کو ہو گی، اسلامیانِ پاکستان مبارک کے مستحق ہیں کہ یہ عید قربان کسی اختلاف سے پاک اور ایک ہی روز ہو گی کہ پشاور کے مفتی پوپلزئی نے اپنے عیدالفطر والے فتویٰ کے مطابق 29 ذیقعد(جمعرات)کو نجی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کیا اور بعدازاں اس قمری مہینے کو 30دِنوں کا قرار دے کر اعلان کر دیا کہ چاند کی شہادت نہیں ملی، عیدالاضحی 12اگست کو ہو گی۔اس سے قبل وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کیلنڈر میں بھی چاند کی نشاندہی کر کے عیدالاضحی 12اگست کو قرار دی گئی تھی اس کا کریڈٹ اب وفاقی وزیر سائنس یہ کہہ کر لے رہے ہیں کہ انہوں نے دو ماہ قبل ہی یہ اعلان کر دیا تھا،حالانکہ عیدالفطر کے حوالے سے ان کا کیلنڈر مفتی پوپلزئی کی تائید میں تھا،اگرچہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مانا گیا تھا۔اہلِ پاکستان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ اس عید ِ قربان پر اختلاف قربان ہو گیا اور یہ اسلامی تہوار پورے ملک میں ایک ہی روز ہو گا۔اگرچہ یہ خدشہ موجود تھا کہ پشاور کے مفتی پوپلزئی 11اگست کی ”خوشخبری“ دے سکتے ہیں کہ اس روز سعودی عرب میں عید ہو گی،ہمیں اس صورت حال سے اطمینان ہوا اور دُعا ہے کہ مستقبل میں بھی اس پر کوئی اختلاف یا تنازعہ نہ ہوا،یادرکھنا چاہئے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا سائنس سے کوئی ٹکراؤ نہیں،بلکہ ماحولیات، موسمیات اور دیگر شعبوں سے تعاون حاصل کیا جاتا ہے،اِس لئے تنازعہ پیدا کرنے کی بجائے باہمی تعاون اور مشاورت ہی بہتر حل ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے بقول وہ ایک شرعی ضرورت پوری کرتی ہے۔

مزید : رائے /اداریہ