نیویارک،سوشل میڈیا پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی منانے کا اعلان
اسلام آباد (این این آئی) صدرمملکت عارف علوی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح کرونا سے متاثر ہوئی ہے، اس وباء نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے۔ صحیح بخاری کی حدیث کے مطابق قحط سالی کے دور میں حضرت محمدؐ (خاتم النبین) نے تین دن کی ضرورت سے زائد گوشت جمع کرنے سے منع فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کرکے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں۔ صدر مملکت نے نماز عید گھر پر ہی ادا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ذوالحج کا مہینہ قربانی، اطاعت، خیر خواہی اور نظم و ضبط سکھاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔