قربانی ہمیں اتحادو اتفاق اور ایثارکا درس دیتی ہے،مولانا عزیز الرحمن

  قربانی ہمیں اتحادو اتفاق اور ایثارکا درس دیتی ہے،مولانا عزیز الرحمن

  

 لاہور(پ ر)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی،مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم،مولاناقاری علیم الدین شاکر،قاری جمیل الرحمن اختر،مولانا محبوب الحسن طاہر،قاری عبدالعزیز، مولاناخالدمحمود نے عید الاضحی کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانی ہمیں اتحادواتفاق، اخوت اور ایثار کا درس دیتی ہے، عید قربان کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ خالق کائنات کی مکمل اطاعت اختیار کرنا ہے۔ رسول اللہ ﷺکو امت سے اتنی محبت تھی کہ اپنی قربانی کیساتھ اپنی امت کی طرف سے بھی قربانی کا اہتمام فرماتے۔ عید کے موقع پر ہمسائیوں، مستحقین، اور غربا کا خیال رکھنے والے خوش نصب ہیں۔علماء نے عید الاضحی کے موقع پر حاضرین کو عید کی مبارک باد دی۔

اور امت مسلمہ،اور خصوصا وطن عزیز پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں کرائیں۔ غریب وناداراور تنگ دستوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا سنت نبوی ہے۔علماء کرام نے کہا کہ عیدالاضحی درحقیقت آپس میں وحدت،اخوت،اتحاد ویگانگت اورجذبہ ایثار وقربانی کادرس دیتی ہے۔ غریبوں،یتیموں،مسکینوں،وبے سہارالوگوں میں خوشیاں بانٹنے کانام ہے،غریبوں کو عیدکی خوشیوں میں شریک کیے بغیرعید کے حقیقی تقاضے پورے نہیں ہوتے۔حضرت اسماعیل ؑ کی طرف سے اللہ تعالیٰ کے حکم پر سر تسلیم خم کرنے کی یاد میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی مسلمانوں کا اہم مذہبی ودینی فریضہ ہے،اللہ کی رضا کی خاطر قربان ہونے کے جذبے کا صلہ ہے۔قربانی صرف جانور ذبح کرنے کانام نہیں بلکہ فلسفہ قربانی تو یہ ہے کہ انسان اپنی سب سے زیادہ محبو اور پسندیدہ چیزکو اللہ کے حکم پرہروقت قربان کرنے کے لیے تیار رہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -