کے پی پولیس نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی: محمود خان 

کے پی پولیس نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی: محمود خان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صوبے کی بہادر پولیس نے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور امن عامہ کے قیام کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے جو تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائے گی اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہے گی۔ یوم شہداء پولیس کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک و قوم کے تحفظ کیلئے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آج ہم جس پرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں یہ ان ہی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ ہم ان قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔محمود خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے گزشتہ ایک دہائی سے انتہائی نامساعد حالات میں جس ہمت، فرض شناسی اور حب الوطنی کا مظاہر ہ کیا اُس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔خصوصی طور پر ہماری پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دیگر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور اس خطے میں امن کی بحالی کیلئے شہادتوں کی ایک تاریخ رقم کی۔خیبرپختونخوا پولیس حقیقی معنوں میں ایک فورس بن چکی ہے۔گزشتہ چند سالوں سے بد ترین بد امنی کے خلاف امن بحالی کی تحریک میں ہماری پولیس نے جس پیشہ وارانہ کردار کا مظاہرہ کیا وہ دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ کی طرح کورونا وباء کی موجودہ صورتحال میں بھی فرنٹ لائن پرخدمات انجام دی ہیں۔ہماری پولیس نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے جذبات زندہ اور حوصلے بلند ہیں۔ ہم بتدریج امن کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہم قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ یہ ہمارا دعویٰ ہی نہیں بلکہ حقیقت ہے اور ہماری پولیس اور سکیورٹی فورسز نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئی بھی چیز انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم صوبائی حکومت نے پہلے کبھی شہداء کے لواحقین کو تنہا چھوڑا ہے اور نہ آئندہ چھوڑے گی۔ محمود خان نے پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک وقوم کیلئے اپنی جان قربان کرکے خود کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا۔ اُنہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کے غازیوں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو دن رات امن عامہ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا جو آزمائش کی ہر گھڑی میں ثابت قدم رہے اور وطن سے اپنی محبت میں لغزش نہیں آنے دی۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور شہداء کے لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دُعا بھی کی ہے اور کہا ہے کہ ہم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔  

مزید :

علاقائی -