پنجاب میں لاک ڈاؤن ختم، بلوچستان میں 15روز کی توسیع، عید کی طرح محرم میں بھی ایس ا پیز پر سختی سے عمل کیا جائے: عمران خان 

    پنجاب میں لاک ڈاؤن ختم، بلوچستان میں 15روز کی توسیع، عید کی طرح محرم میں ...

  

اسلام آباد،لاہور (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن 5 اگست کی بجائے تین روز پہلے ہی   اتوار  دواگست کی رات 12 بجے ہی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق مویشی منڈیوں سے لیے گئے سمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے اور عید پر مارکیٹوں کی بندش سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات کم ہونے پر فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع کی اجازت ہوگی۔ متعلقہ ادارے کشمیر ریلی کے دوران سماجی فاصلہ اور دیگر تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے۔ سماجی اور مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، سوموار تا جمعہ کھلے رہیں گے۔ میڈیکل سٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔کال سنٹرز کو 50 فیصد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے جبکہ اس کے علاوہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی۔ گروسری اور کریانہ سٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔بلوچستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی گئی۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفیکشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، دکانیں، گودام، آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز ہفتہ سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت برقرار رہے گی جب کہ جمعہ کو تمام کاروبار بند رہیں گے۔اعلامیے کے مطابق تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹورز، بلڈ بینکس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔اس کے علاوہ ریسٹورینٹس اور ہوٹلز  بھی صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس کے لیے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔واضح رہے کہ ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی ہے جس کے باعث اس میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اب تک صوبہ بلوچستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 11774 ہے جب کہ اموات کی تعداد 136 ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ہے کہ عیدکی طرح محرم الحرام میں بھی کورونا ایس اوپیز پر عمل کیا جائے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی، پاکستان میں وباء  کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے، عوام کے تعاون سے کورونا وباء  پر جلد قابو پا لیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا صورتحال سے متعلق اجلا س ہوا۔جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور این ڈی ایم اے کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ عید قربان پر عوام نے کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کیا۔ جس کے ساتھ پاکستان میں کورونا کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے۔وزیراعظم نے عیدالاضحی کے موقع پر کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کورونا ایس اوپیز پر عمل جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عیدکی طرح محرم الحرام میں بھی کورونا ایس اوپیز پر عمل کیا جائے۔ عوام کے تعاون سے جلد کورونا وباء   پر قابو پا لیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی۔

لاک ڈاؤن ختم

مزید :

صفحہ اول -