مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی بھارتی اقدامات کیخلاف پاکستان کا یاد گار ی ٹکٹ جاری

مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی بھارتی اقدامات کیخلاف پاکستان کا یاد گار ی ٹکٹ ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پانچ اگست کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے، کریک ڈاؤن، قتل عام اور محاصرے کو ایک برس مکمل ہونے کے حوالے سے پاکستان نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا۔وزیر اطلاعات شبلی فراز اور وزیر مواصلات مراد سعید نے یادگا ر ی ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی۔ شبلی فراز نے کہا کہ ڈاک ٹکٹ کے اجرا ء کا مقصد دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں یادگاری ٹکٹ کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں شبلی فراز نے کہا کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ دنیا بھر میں گھومے گا، اہم دفاتر، سفارتخانوں میں جائیگا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کی عکاسی کریگا۔ پاکستان بھر میں 5 اگست کو یوم سیاہ ویوم استحصال کے طور پر منایا جائیگا، اس روز بھارتی مظالم کی خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائیگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ  اپنے گھروں پر قومی اور کشمیری پرچم بلند کریں تاکہ کشمیریوں کو احسا س ہو کہ پاکستان ان کیساتھ کھڑا ہے۔ کشمیر کاز کو اس کے انجام تک پہنچا ئے بغیر آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا بھارت کے ہندوتوا ایجنڈ ے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر ظالما نہ محاصرے کو ایک برس مکمل ہو گیا ہے، یادگاری ٹکٹ اسلئے جاری کیا گیا۔ٹکٹ کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے مراد سعید نے کہا ڈاک ٹکٹ میں زنجیر کا مطلب پورے کشمیر کو محاصرے سے دنیا سے کاٹ دیا گیا ہے، اس کے علاوہ حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونیوالے بشیر احمد کی ان کے نواسے کے سامنے شہادت کی عکا سی کی گئی ہے جبکہ بھارت کے باوردی دہشت گردوں کو بھی اس ٹکٹ میں دکھایا گیا ہے۔ مراد سعید نے کہا کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ یہ ٹکٹ جہاں پہنچے گا، بھارتی مظالم کو بے نقاب کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے خود کو کشمیریوں کا سفیر ثابت کر دیا ہے۔

یادگاری ٹکٹ

مزید :

صفحہ اول -