ایف بی آر اپنے آئی ٹی سسٹم کی استعداد بڑھائے،ٹیکس بار ایسوسی ایشن
لاہور(این این آئی)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر کرنے کے باوجود گوشوارے جمع نہ کرانے والے 12ہزار ٹیکس گزاروں کوہرقسم کی قانونی کارروائی سے استثنیٰ دینے کے فیصلے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کو اپنے آئی ٹی سسٹم کی استعداد کار بڑھانے کا بھی پابند کیا جائے۔ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے پیٹرن عبدالقادرمیمن، صدرآفتاب ناگرہ،جنرل سیکرٹری فرحان شہزاد اورسینئر نائب صدر قاری حبیب الرحمن زبیری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے اس فیصلے سے جہاں ٹیکس گزاروں کو ریلیف ملا ہے وہیں ان کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو بتدریج ای ٹیکسیشن کی جانب بڑھنا چاہیے اور اس کے ساتھ متعلقہ اداروں کے آئی ٹی سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ گوشوارے جمع کرانے کے آخری دنوں میں سسٹم اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے جواب دے جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹیکس گزاروں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔