2 سال کے دوران اپنا انتخاب درست ثابت کردیا، زلفی بخاری

  2 سال کے دوران اپنا انتخاب درست ثابت کردیا، زلفی بخاری

  

 اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ 2 سال میں انہوں نے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا ہے اور پانچ سال گزرنے پر ان کے سمندر پار پاکستانیوں کے بارے میں تصور کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنا دیا جائے گا ایک انٹرویو کے دوران زلفی بخاری نے کہا کہ مجھے سمندر پار پاکستانی کی وزارت چاہیے تھی،میں سمجھتا تھا کہ میں اس میں سب سے زیادہ فٹ ہو سکتا ہوں،دو سال کے دوران ہی میں نے اپنا انتخاب درست ثابت کردیا ہے،مجھ سے پہلے سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کرپشن کا گڑھ تھی تاہم اب اس کو ایک ناکام ڈویژن سے بدل کر کامیاب اورسرگرم ترین محکمہ بنا دیا گیا ہے۔مشیر برائے سمندر پار پاکستانی کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کیلئے وزیراعظم عمران خان نے ان کا باقاعدہ انٹرویو کیا  زلفی بخاری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا سب سے بڑا مسئلہ اپنے آبائی وطن میں ان کی زمینوں پر قبضہ ہے اور قبضوں کے بعد یہ معاملات عدالتوں میں چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے حکومت اس معاملے میں کچھ نہیں کرسکتی  اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی زمینوں کے تنازعات حل کرنے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرے گی اور اس سلسلے میں پہلی عدالت جلد اسلام آباد میں کام شروع کر دے گی جس کی کامیابی کے بعد صوبائی سطح پر مزید عدالتیں قائم کی جائیں گی۔مشیر برائے سمندر پار پاکستانی نے کہا کہ جعلی اور دھوکے باز ایجنٹ لوگوں کو غلط طریقے سے بیرون ملک بھیج کر نہ صرف ان کو کم تنخواہوں پر کام اور غیرمعیاری رہائش گاہوں میں قیام پر مجبور کرتے ہیں بلکہ ملک کی بدنامی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ ان ایجنٹس کی سرکوبی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، ہم نے ایسے 406 معاملات کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو بھیجے ہیں جب کہ اب تک 30 پاکستانی ایجنٹوں کے لائسنس کابینہ کے زریعے منسوخ کیے جا چکے ہیں، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں 18 کمپنیوں کو وہاں کی حکومت کی مدد سے بند کروایا جا چکا ہے۔ 

زلفی بخاری 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -