عمران اسماعیل نے عید الاضحی کی نماز گورنر ہاؤس میں ادا کی

   عمران اسماعیل نے عید الاضحی کی نماز گورنر ہاؤس میں ادا کی

  

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عید الاضحی کی نماز گورنر ہاؤس کی مسجد کے لان میں ادا کی۔اراکین صوبائی اسمبلی جمال صدیقی،سعید آفریدی،علی عزیز جی جی،گورنرہاؤس کے افسران اور دیگر ملازمین نے بھی گورنر سندھ کے ہمراہ نماز ادا کی۔اس موقع پر نماز سے قبل اور بعد میں کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔گورنر سندھ نے کورونا ایس او پیز کے تحت نمازیوں کو عید کی مبارکباد دی۔اس موقع پر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔گورنرسندھ نے صوبہ کے عوام کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس عید الاضحی پر حالات گذشتہ سال کے مقابلہ میں مختلف ہیں۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ہمیں عید الاضحی کے بعد بھی بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے گلے نہ ملنے،ہاتھ نہ ملانے،سماجی فاصلہ برقرار رکھنے،بار بار ہاتھ دھونے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دور اندیشی کے باعث پاکستان کی صورتحال بہت بہتر ہے اور آج پوری دنیا کورونا کے خلاف وزیراعظم کے اقدامات کا اعتراف کررہی ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی اس وبا کو بڑھنے سے روک سکتے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا سے نجات کے بعد انشا اللہ آئندہ برس ہم اپنی عیدیں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -