میئر کراچی کاعید کے ایام میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا جائزہ لینے کے لئے عید کے پہلے اور دوسرے روزشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آلائشیں اٹھانے کے آپریشن کا جائزہ لیا، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع شرقی اور ضلع کورنگی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر رہی لیکن ضلع وسطی اور غربی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل بہتر نہیں تھا، ضلع وسطی اور غربی میں اندرون گلیوں سے منتخب نمائندوں نے آلائشیں اٹھانے میں مدد فراہم کی، انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ وسیٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندے بھی صفائی ستھرائی کے کاموں میں مصروف رہے، اس موقع پر ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا اور ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور بھی ان کے ہمراہ تھے، شاہ فیصل کالونی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور دیگر علاقوں میں جانوروں کی آلائشیں کے انتظامات دوسرے ضلعوں کی نسبت بہتر ر ہے لیکن ڈمپر، لوڈرز اور دیگر مشینری کی کمی کے باعث ٓالائشیں اٹھانے کا آپریشن سست روی کا شکار رہا، نالوں کی صفائی کے لئے این ڈی ایم اے اور فوج کو بلایا گیا ہے، کے ایم سی کے پاس وسائل ہوتے تو ہم نالوں کو صاف کرکے دکھاتے، این ڈی ایم اے کراچی کے تین بڑے نالوں کو صاف کرے گی، جس پر کام کا آغاز پیر کے روز سے شروع کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ناقص کارکردگی کے باعث کراچی کے شہریوں کوپہلے بارش کے دنوں میں اور اب عید کے موقع پر تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے کہا کہ سالڈ وسیٹ نے یہ ذمہ داری لی تھی اور دو ہفتے قبل وزیر بلدیات کے گھر پر میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آلائشوں کو اٹھانے کے لئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کام کرے گا، کراچی میں پہلے ہی ٹرانسپورٹ، صحت اور سڑکوں کی سہولتیں نہیں ہیں،