افغانستان کی جلال آباد جیل پر خود کش حملہ کرنیوالا بھارتی شہری نکلا، انڈین صحافی نے ہی بھانڈا پھوڑ دیا
کابل ، نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان کے شہر جلال آباد کی جیل پر حملے میں بیس سے زائد افراد مارے گئے تھے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ خود کش حملہ کرنیوالا شخص بھارتی شہری اور کیرالہ کا رہائشی تھا۔
بھارتی صحافی راہل پنڈتا نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ "اعلیٰ انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان کی جلال آباد جیل پر خود کش حملہ کرنے والا کلوکیتیا پریل ہے جس کا تعلق کیرالہ کے علاقے کسرگود سے ہے "۔
ان کے اس ٹوئیٹ پر پاکستانی صحافی انس ملک نے بتایا کہ "کل گیارہ حملہ آوروں نے حملہ کیا جن میں تین بھارتی شہری شامل ہیں"۔
یاد رہے کہ خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق افغان حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گذشتہ دنوں شب کے وقت داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد وں نے جلال آباد کی جیل کے مرکزی دروازے پر پہلے خودکش حملہ کیا جس کے بعد متعدد عسکریت پسند وں نے دھاوا بول دیا۔رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کئی افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے ، افغان فورسز سے جھڑپ کے دوران 3 دہشتگرد بھی مارے گئے۔داعش افغانستان کے ایک گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی گئی ہے۔