انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ، عامر سہیل، رمیز راجہ، عبدالرزاق، محمد یوسف، معین خان اور راشد لطیف کا کیا کہنا ہے؟

انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ، عامر سہیل، رمیز راجہ، عبدالرزاق، محمد یوسف، معین ...
انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ، عامر سہیل، رمیز راجہ، عبدالرزاق، محمد یوسف، معین خان اور راشد لطیف کا کیا کہنا ہے؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق کرکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیسٹ ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں وابستہ کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 5 اگست بروز بدھ سے ہورہا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ میں شامل سیریز سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹرز نے اظہر علی کی قیادت میں انگلینڈ میں موجود قومی ٹیسٹ ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سابق کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کے حوصلے بڑھانے کرنے کیلئے اپنے خصوصی پیغامات جاری کئے ہیں۔

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیسٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب دعاگو ہیں کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ دورہ انگلینڈ قومی کھلاڑیوں کیلئے ہیروز بننے کا ایک بڑا موقع ہے، بلاشبہ ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے باعث انگلینڈ کو پاکستان پر برتری ہوگی مگر ہوم سائیڈ پاکستان جیسی معیاری ٹیم کے خلاف دباؤکا شکار رہے گی۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پورا ملک قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی حمایت میں یکجاہے، قوم کو بابر اعظم، اسد شفیق اور اظہر علی سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، دعا گو ہیں کہ سکواڈ میں شامل سینئرز اور جونیئرز تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا کہ ہم سب قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مثبت کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کے سکواڈ میں بابراعظم کی شکل میں ایک عالمی معیار کا کھلاڑی موجودہے جبکہ نوجوان فاسٹ باﺅلرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے علاوہ تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس بھی حریف ٹیم کیلئے مشکلات کا سبب بنیں گے۔

آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ میں تجربہ کار نام موجود ہیں، جس کا سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو فائدہ ہو گا، بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے پاس اظہر علی، بابراعظم، اسد شفیق اور عابد علی جیسے تجربہ کاربلے باز موجود ہیں، امید ہے یہ کھلاڑیوں مشکل کنڈیشنز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مزید :

کھیل -