پاکستانی فاسٹ باﺅلرز کا ’تیر‘ نشانے پر لگ گیا، انگلش کپتان نے پہلے ٹیسٹ میچ سے پہلے پریشانی کا اظہار کر ہی دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ پاکستانی باﺅلنگ اٹیک سے خوفزدہ دکھائی دیتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس کافی ٹیلنٹڈ فاسٹ باﺅلرز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان جو روٹ نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس کافی ٹیلنٹیڈ فاسٹ باﺅلر ہیں جبکہ ان کے سپنرز بھی پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں، محمد عباس بھی مانچسٹر کی کنڈیشنز کا تجربہ رکھتے ہیں، میں یہ کہوں گا کہ ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں پاکستان زیادہ چیلنجنگ ٹیم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ کی باﺅلنگ دیکھی ہے، وہ کافی اچھا باﺅلر ہے لیکن ہوم کنڈیشنز ہمارے لئے سازگار ہوں گی جبکہ مانچسٹر میں ہمارا ریکارڈ بھی اچھا ہے، جس سے اعتماد ملتا ہے البتہ اس اچھے ریکارڈ کے باوجود بھی کسی خوش فہمی کا شکار نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے مانچسٹر میں شروع ہو گا جس کیلئے پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ انگلینڈ کے ممکنہ 11 کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آ چکے ہیں تاہم حتمی ٹیموں کا اعلان میچ سے کچھ دیر قبل ہی کیا جائے گا۔