بیروت دھما کے کے بعد ایک اور سانحہ، موقع پر پہنچنے والے متعدد امدادی کارکن ہی لاپتا ہوگئے

بیروت دھما کے کے بعد ایک اور سانحہ، موقع پر پہنچنے والے متعدد امدادی کارکن ہی ...
بیروت دھما کے کے بعد ایک اور سانحہ، موقع پر پہنچنے والے متعدد امدادی کارکن ہی لاپتا ہوگئے

  

بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے گورنر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر امدادی کارروائیوں کیلئے جانے والے متعدد فائر فائٹرز لاپتا ہوگئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیروت کے گورنر مروان عبود نے بتایا کہ دھماکے کی جگہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متعدد امدادی کارکن بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ امدادی کاموں میں مصروف کئی فائر فائٹرز لاپتا ہوگئے ہیں اور ان سے کوئی رابطہ نہیں ہورپارہا۔

خیال رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شدید نوعیت کا خوفناک دھماکہ ہوا ہے۔ بیروت میں ہونے والے دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ 10 کلومیٹر دور تک کے علاقوں میں مکانات اور دفاتر کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کی جگہ سے قریبی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں ، شہر کی عمارتیں کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر اطلاعات آئی تھیں کہ دھماکہ بیروت بندرگاہ کے قریب آتش بازی کی فیکٹری میں ہوا ، پہلے ایک دھماکہ ہوا جس کے بعد دوسرا بڑا دھماکہ ہوا، دھماکے کے باعث بندرگاہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

لبنان کی پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ بیروت میں جو دھماکہ ہوا ہے وہ آتش بازی کی فیکٹری میں نہیں ہوا بلکہ یہ ایک انتہائی دھماکہ خیز مواد تھا جو کئی سالوں سے پڑا ہوا تھا۔

الجزیرہ ٹی وی کا کہنا ہے کہ دھماکہ سوڈیم نائٹریٹ کی وجہ سے ہوا ہے جو کہ کچھ سال پہلے ایک جہاز سے اتار کر بندرگاہ کے ویئر ہاؤس میں سٹور کیا گیا تھا۔ 

ایسی بھی اطلاعات آرہی ہیں کہ دھماکے کی وجہ سے لبنانی وزیر اعظم کی اہلیہ، بیٹی اور سٹاف کے ارکان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

مزید :

عرب دنیا -