کراچی کے علاقے ریگل صدر میں فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ریگل چوک پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ منگل کی دوپہر صدر کے علاقے ریگل چوک پر پیش آیا، جب موٹر سائیکل سوار دو افراد اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھے۔عینی شاہدین کے مطابق تعاقب کرنے والے حملہ آوروں نے ریگل چوک پہنچنے پر فائرنگ کی، جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے، جنہوں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق زخمی دونوں افراد باپ بیٹا ہیں، جب کی شناخت ندیم اور شاہ رخ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد بھی 2 تھی، جو موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ واقعہ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی ویڈیو سمیت دیگر شواہد جمع کرلیئے۔ حملے سے متعلق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ واقعہ ڈکیتی مذمت تھا یا کچھ اور، تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول برآمد کیا گیا ہے، جسے فرانزک جانچ کیلئے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے۔