فضائی حادثے میں مردہ قرار دے دیا جانے والا شخص 45سال بعدزندہ سلامت گھر واپس آ گیا

 فضائی حادثے میں مردہ قرار دے دیا جانے والا شخص 45سال بعدزندہ سلامت گھر واپس آ ...
 فضائی حادثے میں مردہ قرار دے دیا جانے والا شخص 45سال بعدزندہ سلامت گھر واپس آ گیا
سورس: Facebook

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں 45سال قبل ایک فضائی حادثے میں مردہ قرار دے دیا جانے والا شخص 45سال بعدزندہ و سلامت گھر واپس آ گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس آدمی کا نام سجاد تھینگل ہے جو 1976ءمیں انڈین ایئرلائنز کی ممبئی سے مدراس جانے والی اس بدقسمت پرواز میں سوار تھا جو حادثے کا شکار ہو گئی اور اس میں سوار تمام 95افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ 
سجاد تھینگل بھارتی ریاست کیرالا کے گاﺅں سستھام کوٹا کا رہائشی تھا۔ اس جہاز نے مدراس سے آگے ایک خلیجی ملک جانا تھا اور سجاد تھینگل سمیت تمام مسافر روزگار کی تلاش میں اس خلیجی ملک جا رہے تھے۔ راستے میں طیارے کا انجن فیل ہو گیا اور وہ زمین پر آ گرا۔ اس حادثے میں سجاد خوش قسمتی سے محفوظ رہا مگر اس نے اپنے گھر والوں کو اپنی سلامتی کے بارے میں کچھ نہ بتانے کا فیصلہ کیا۔ 
رپورٹ کے مطابق سجاد تھینگل خاموشی سے ابوظہبی چلا گیا اور اپنے گھر والوں سے کبھی رابطہ نہیں کیا۔ گزشتہ روز وہ 45سال بعد گھر واپس پہنچا جہاں اس کی 91سالہ ماں موجود تھی۔ ماں اپنے بیٹے کو اتنے عرصے بعد دیکھ کر فرط جذبات سے پھوٹ پھوٹ کر رودی۔ سجاد کا کہنا ہے کہ وہ ایک کامیاب کاروباری شخص بن کر گھر واپس لوٹنا چاہتا تھا۔ وہ ابوظہبی میں بھارتی فلموں کی تشہیر کا کام بھی کرتا رہا۔ وہ 1982ءمیں ایک بار ممبئی واپس بھی آیا تاکہ وہاں اپنا کاروبار کر سکے، تاہم کئی کاروبار اور ملازمتیں کرنے کے بعد ناکام ہو کر وہ ایک بار پھر واپس چلا گیا۔
سجاد کو خوف لاحق تھا کہ وہ اس حالت میںگھر گیا تو گھر والے اسے ایک ناکام شخص سمجھیں گے۔ 2019ءمیں سجاد کی ملاقات کے ایم فلپ نامی شخص کے ساتھ ہوئی جو بچھڑے ہوئے پیاروں کو ملانے کا کام کرتا ہے۔ اس نے پہلے سجاد کو منایا کہ وہ اپنے گھر والوں سے ملاقات کرے اور پھر بھارت میں موجود اپنے ایک کارکن کوسجاد کے گھر کے حالات معلوم کرنے کے لیے بھیجا۔ اس نے بتایا کہ سجاد کا والد 2012ءمیں انتقال کر گیا تھا تاہم اس کی والدہ، بیوی اور بھائی ابھی زندہ ہیں۔اہلخانہ کو جب بتایا گیا کہ سجاد زندہ ہے اور دبئی میں مقیم ہے تو وہ یہ سن کر حیران رہ گئے۔ واضح رہے کہ سجاد کی عمر اب 70برس ہے۔ جب وہ ابوظہبی گیا تو 25سال کا نوجوان تھا۔