سراج الحق ملک میں  تبدیلی کا ’نیا فارمولہ‘ سامنے لے آئے 

سراج الحق ملک میں  تبدیلی کا ’نیا فارمولہ‘ سامنے لے آئے 
سراج الحق ملک میں  تبدیلی کا ’نیا فارمولہ‘ سامنے لے آئے 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کا کوئی وعدہ اور اعلان سامنے لانا مشکل ہےجس پر انھوں نے یوٹرن نہ لیا ہو ،وہ  کشمیریوں کے نام کے ہی سفیرہیں،مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو دو سال گزر گئے مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے، تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی مسلسل داستان ہے،معیشت، داخلہ و خارجہ محاذوں پر توجہ دینا ہو گی، نظا م بوسیدہ اور حکمران دن رات قوم سے جھوٹ بولتے ہیں، انتخابی اصلاحات اور متناسب نمائندگی کے اصول کو اپنائے بغیر پائیدار جمہوریت قائم نہیں ہو سکتی،قوم پاکستان میں تبدیلی لانے کی خواہش مند ہے تو ’پرانے مستریوں‘ سے جان چھڑانااور صالح اور دیانتدار لوگوں کو موقع دیناہوگا۔

منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پانچ  اگست 2019ء کے اقدام کے بعد ایک مسلسل لاک ڈاؤن کی سی کیفیت ہے،مقبوضہ وادی کے لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے،ہزاروں نوجوان جیلوں میں ہیں، کشمیر میں ہندو آبادکاری جاری ہےمگر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے باوجود مغربی دنیا اور عالمی ادارے شرمناک حد تک خاموش ہیں،پاکستان کے حکمرانوں نےبھی بار بار توجہ دلانے کے باوجود کشمیر کے کیس کو ہائی لائٹ کرنے کے لیے کوئی پائیدار پالیسی تشکیل نہیں دی،صرف لفظوں کی بمباری جاری ہے اور دعوؤں کے پہاڑ بنائے جا رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ ملکی معیشت ڈانواں ڈول ہے، تاجر پریشان ہیں اور ٹیکسوں کی زد میں ہیں،ان پریشانیوں اور مصیبتوں سے جان چھڑانے کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے، ملک کے تاجر، کسان، مزدور، طالبعلم اور دیگر طبقہ فکر کے لوگ متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ہمارے پاس تعلیم، صحت، معیشت سمیت تمام شعبوں کو بہتر کرنے کا واضح پروگرام اور اہل ترین لوگ موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر نوجوانوں کو منظم کر ے گی اور خواتین کی الگ تنظیمیں قائم کی جائیں گی،جماعت اسلامی کراچی سے لے کر چترال تک جے آئی یوتھ کے ایک لاکھ یونٹ تشکیل دے گی اور نوجوانوں کے ذریعے ملک میں اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرنے کے بعد پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ میں کامیاب ہو جائے گی، عوام کو کسی جاگیردار یا سرمایہ دار کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں،عشق رسول ﷺ سے اپنے دلوں کو منور کریں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جائیں۔

مزید :

قومی -