منشیات کا خطرہ دہشت گردی کی طرح خطرناک ، بریگیڈئیر (ر)اعجاز شاہ نےاینٹی نارکوٹکس حکام کوبڑا حکم جاری کردیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ نشہ آور ادویات کی گولیوں کےپھیلاؤ اورمتعلقہ امورپرتفصیلی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی، منشیات کاخطرہ دہشتگردی کی طرح خطرناک ہے،اسکے تباہ کن نتائج ہیں،منشیات سپلائرز کی درست نشاندہی اور سزا کی یقین دہانی لازمی ہے، اینٹی نارکوٹکس حکام کو منشیات کی لعنت کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے استعمال ہدایت کی گئی ہے ۔
اسلام آباد میں انٹی نارکوٹکس فورس کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر)اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ نوجوانوں میں منشیات اور بالخصوص ایکسٹیسی کے وسیع پیمانے پر استعمال پر فوری ایکشن لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ وزارت انٹی نارکوٹکس کے ساتھ انتظامیہ اور پولیس کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور مقامی تھانے منشیات فروشوں کو نشانہ بنانے اور گرفتار کرنے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں کیونکہ منشیات کا خطرہ دہشت گردی کی طرح خطرناک ہے ، اس کے تباہ کن نتائج ہیں،اینٹی نارکوٹکس فورس کو موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے آلات کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری انسداد منشیات ، اکبر درانی ، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر ناریجو ، ڈی آئی جی افضل کوثر ، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے ، ڈی سی اسلام آباد اور وزارت انسداد منشیات اور اے این ایف کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے نئے تعینات ہونے والے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر ناریجو کو خوش آمدید کہا اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے آپریشنل تبدیلیاں لانے کی ضرورت زوردیا۔