بھارت بمقابلہ انگلینڈ، ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پہلے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ انگلینڈ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔انگلینڈ کے اوپنر روری برنز پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے،جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، انگلینڈ کی آخری سات وکٹیں صرف 43 رنز کے عوض گریں۔انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوئے روٹ64 اور جونی بیئر سٹو 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے چار ، محمد شامی نے تین ، شردل ٹھاکر نے دو جبکہ محمد سراج نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے اپنی پہلی اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا،جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے تھے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نو ، نو رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔