آزاد کشمیر کابینہ ، وزیراعظم کے بعد سردار تنویر الیاس کو سب سے اہم ذمہ داری سونپ دی گئی
مظفر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل جاری ہے،سردارعبدالقیوم نیازی کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور ایل اے 15 سے نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی سردار تنویر الیاس خان نے بھی سینئر وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے،اس سے قبل میڈیا میں سردار تنویر الیاس خان کے وزیراعظم بننے کی خبریں گردش میں تھیں تاہم سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جسے بھی ذمہ داری اور کوئی ٹاسک سونپیں گے وہ ہر فیصلے کی مکمل تائید کریں گے۔
تفصیلات کےمطابق آزادکشمیرالیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی میں کلیدی کردارادا کرنےوالی معروف کاروباری شخصیت سردارتنویرالیاس خان کو آزاد کشمیرکابینہ میں سینئر وزیر کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے،پر وقارتقریب میں سردارتنویرالیاس خان نےاپنےعہدےکاحلف اٹھالیا ہے۔سردار تنویر الیاس خان سے سینئر وزیر کا حلف صدر آزاد کشمیر نےلیا،اس موقع پر تقریب میں نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی، وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور،ممبران اسمبلی، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی ،مختلف محکمہ جات کے سربراہان سمیت اعلی سول حکام نے شرکت کی ۔
دوسری طرف سردارتنویرالیاس خان نے’ڈیلی پاکستان ‘سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں دھڑے بندی کا تاثر درست نہیں اور نہ ہی میں نے وزیراعظم کے لئے کوئی لابنگ کی ہے،آخری فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کرنا تھا اور ہم پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ پارٹی قائد جو بھی فیصلہ کریں گے تمام اراکین اسے خوش دلی سے قبول کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی کا وزیراعظم بننا آزاد کشمیر کے لئے خوشی کی علامت ہے،وہ انتہائی جہاندیدہ اور زیرک سیاست دان ہیں ،ان کی بے داغ سیاست کئی عشروں پر محیط ہے ،اب ہماری کوشش ہو گی کہ بطور ایک ٹیم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیں ۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے جو ذمہ داری سونپی ہے اس پر پورااتروں اورکشمیری عوام کی ترقی اورجنت نظیر وادی کی تعمیروترقی کےلئےکوئی کسر نہ چھوڑی جائے ، ہم کشمیری عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے اپنے مقہور بہن بھائیوں اور بزرگوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری جدوجہد میں پہلے سے زیادہ تیزی آئے گی اور اللہ کی رحمت سے وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیری بھائیوں کو آزادی نصیب ہو گی ۔