کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات اور امیدواروں کی نامزدگیاں ، ن لیگ نے سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دے دیں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات اور اس میں امیدواروں کی نامزدگیوں سےمتعلق امور پر مشاورت کرتےہوئے سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دے دیں ہیں جبکہ پارٹی ٹکٹس کا فیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سے کیاجائے گا ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت کنٹونمٹ بورڈز کے انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن)کے صوبائی صدور نے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات اور اس میں امیدواروں کی نامزدگیوں سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی ۔اجلاس میں سپروائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹس کا فیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سے کیاجائے گا،کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات بھرپور جذبے اور بہترین حکمت عملی سے لڑیں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا سونامی آچکا ہے،عوام کی نمائندگی اور ان کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عوام کے حقوق کے لئے جو بھی قربانی دینی پڑے، دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقصد پر یقین، اتحاد، تنظیم اور دن رات کی محنت سے پارٹی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں کامیاب کرائیں گے۔شہبازشریف نے پارٹی عہدیداروں، رہنماوں اور کارکنان کے جذبے اورپارٹی سے نظریاتی وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا۔