خیبرپختونخوا حکومت کی گورننس سے متعلق شکایات، بانی پی ٹی آئی نے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبرپختونخوا حکومت کی گورننس سے متعلق شکایات پر بانی پی ٹی آئی نے تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔
نجی ٹی وی جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر بدعنوانی اور گورننس سے متعلق کمیٹی قائم کردی ہے جس میں سابق گورنر شاہ فرمان، معاون خصوصی مصدق عباسی اور قاضی انور شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی ارکان کو بانی پی ٹی آئی نے خود نامزد کیا ہے، کمیٹی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور تمام محکموں کی مانیٹرنگ بھی کرے گی۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ کمیٹی وزرا اور انتظامی سیکرٹریز کے حوالے سے الزمات کی تحقیقات کرے گی، الزام ثابت ہونے پر متعلق وزیریا انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔واضح رہے گزشتہ دنوں صوبائی وزیر شکیل خان نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی، شکیل خان نے بانی پی ٹی آئی کو مختلف محکموں میں بدعنوانی کی شکایت کی تھی۔