جماعت اسلامی نے آئی پی پیز سے متعلق آڈٹ رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی کی جانب سے آئی پی پیز سے متعلق آڈٹ رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے پاور ڈویژن اور ملحقہ اداروں کے اکاوٴنٹس کی آڈٹ رپورٹ جاری کر دی جس میں سرکلر ڈیٹ کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے آئی پی پیز سے متعلق ناقص پلاننگ کا اعتراف کیاگیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے آئی پی پیز کا استعمال درست طریقے سے نہیں کیاگیا، حکومت نے بجلی کی قیمت کا تعین اور حکومتی گارنٹی کا غلط استعمال پوشیدہ مفادات کے تحت کیا۔2013 سے 2023 تک بجلی کی لاگت کے مقابلے میں ادائیگیاں زیادہ کی گئیں۔ بجلی کی پیداوار کو منتقل کرنے اور ڈسٹریبیوشن کا نظام بھی ناکافی تھا۔ٹرانسمیشن سسٹم صرف 23 ہزار میگا واٹ کا لوڈ اٹھا سکتا ہے جبکہ پیداواری صلاحیت 36 ہزار میگا واٹ تک بڑھا لی گئی۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ امپورٹڈ فیول آئل سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس پر زیادہ دارومدار رکھا گیا۔ 1994 کی پاور پالیسی میں فرنس آئل اور گیس سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو مراعات دی گئیں۔