فوج اور حکومت کو ماننا ہوگا الیکشن میں جیتا تھا، عمران خان

Aug 04, 2024 | 10:07 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کو ماننا ہوگا الیکشن میں جیتا تھا، اس سے قبل ان سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق بانی تحریک انصاف نے غیرملکی خبر ایجنسی کے بھیجے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ "فوج اور حکومت جب تک تسلیم نہیں کر لیتے کہ الیکشن ان کی جماعت جیتی ہے، تب تک ان سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

فوج سے اچھے تعلقات نہ رکھنے کو اپنی حماقت قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن اور نجی شعبے میں فوج کے اہم کردار کے باعث اگر فوج کے ساتھ بہترین تعلقات نہ رکھے جائیں تو یہ حماقت ہوگی۔ 
سپاہیوں اور مسلح افواج پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فوج کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ اقتدار سے ہٹنے کے بعد جو بھی تنقید کی وہ شخصیات پر تھی، فوج پر بطور ادارہ نہیں تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فوجی قیادت نے اگر کوئی غلط اندازے لگائے تو اس کا الزام فوج پر بطور ادارہ نہیں لگانا چاہیے۔

ماضی میں امریکہ پر اپنی حکومت کے خاتمے کا الزام لگانے والے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کے دل میں امریکہ کے خلاف کوئی بغض نہیں۔ 

انکا کہنا تھا کہ اگر آزادانہ اور شفاف الیکشن کروائے جائیں اور ان کے خلاف بوگس کیس ختم کیے جائیں تو وہ فوج کے ساتھ مذاکرات کےلیے تیار ہیں۔

مزیدخبریں