لاہور چیمبرکا فارن ڈپلومیٹس کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ

لاہور چیمبرکا فارن ڈپلومیٹس کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فارن ڈپلومیٹس کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی خوبیوں ، صلاحیتوں اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کرنا ہے۔ یہ بات لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح نے لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فارن مشن اینڈ ایمبیسی لائزن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد ہارون اروڑہ ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن خواجہ خاور رشید، اسد ممتاز اور شہزادہ دانیال نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ماضی کے برعکس اس سال پاکستان میں کام کرنے والے تمام غیر ملکی کمرشل اتاشیوں کو لاہور مدعو کیا جائے گا تاکہ تاجر برادری اور اُن کے درمیان روابط مستحکم بنائے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پنجاب میں سرمایہ کاری کی صورتحال کے متعلق جامع رپورٹ تیار کررہا ہے جو ڈپلومیٹس کو پیش کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اُن تمام حلقوں سے تعلقات مستحکم کرے گا جو پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد ہارون اروڑہ نے کہا کہ مجوزہ ڈپلومیٹس کنونشن میں پنجاب کی بنائی ہوئی اشیاءکی نمائش، انڈسٹریل ایری کا وزٹ اور اکنامک کانفرنس وغیرہ شامل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹرماہرین اور تاجروں پر مشتمل ٹیم پہلے ہی تشکیل دی جاچکی ہے۔

 جو غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کے تحت کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فارن ڈپلومیٹس پر اچھے تاثرات مرتب ہونے سے نہ صرف مشترکہ منصوبہ سازی کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ غیرملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع مواقعوں سے مالامال ہے لیکن ہم ان سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک ہم سے کہیں چھوٹے مگر اُن کی برآمدات ہم سے کئی گنا زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مارکیٹنگ حکمت عملی ازسرنو مرتب کرنا ہوگی تاکہ ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سفارتخانوں کے درمیان تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے لہذا لاہور چیمبر اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ واہگہ اٹاری بارڈر پر بھی صورتحال اسی طرح خراب ہے لہذا وفاقی وزیر ریلوے اس جانب بھی خاص توجہ دیں۔

مزید : کامرس


loading...