لاہور ریلوے سٹیشن کے پاک انڈیا سیکشن کی حالت درست کی جائے: لاہورچیمبر

لاہور ریلوے سٹیشن کے پاک انڈیا سیکشن کی حالت درست کی جائے: لاہورچیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر ریلوے پر زور دیا ہے کہ لاہور ریلوے سٹیشن کے پاک انڈیا سیکشن کی برباد حالت درست بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ اس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا عمل متاثر ہورہا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پاکستان ریلوے کی حالت اور ساکھ دونوں بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں مگر ریلوے مال گودام ٹی ٹین کی قابلِ رحمت حالت اُن کی کوششوں کو بے اثر کررہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور ریلوے سٹیشن کے ٹی ٹین کا تعلق خالصتاَ پاک بھارت تجارت سے ہے مگر یہاں بیٹھنے کے ناقص انتظامات، ٹپکتی چھتوں، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور چوری چکاری کی وارداتوں کی وجہ سے پاک بھارت تجارت سے منسلک تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا اُن کے علم میں آیا ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے پاک بھارت تجارت کے چیئرمین آفتاب احمد وہرہ جب کبھی بھی صورتحال سے آگاہی دینے کے لیے ریلوے حکام کو ملاقات کے لیے مدعو کرتے ہیں، شرکت کرنا تو دور کی بات کوئی جواب تک دینے کی زحمت گوارا نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک اہم سٹیک ہولڈر ہونے کی وجہ سے شدید تحفظات رکھتا ہے لہذا وفاقی وزیر ریلوے پاک انڈیا سیکشن کی حالت درست بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائیں۔

مزید :

کامرس -