ای او بی آئی کا بورڈ آف ٹرسٹیز تشکیل پاگیا: پیر صدر الدین راشدی
اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز پیر صدر الدین راشدی نے کہا ہے کہ ای او بی آئی کی سرمایہ کاری طے کرنے کےلئے بورڈ آف ٹرسٹیز بنا دیا گیا ہے، ماضی میں فیصلے صرف چیئرمین کرتا تھا اب ایسا نہیں ہوتا، سرمایہ کاری بورڈ وزیراعظم تشکیل دیں گے۔ ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر سعید غنی اور سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز پیر صدر الدین راشدی نے ایوان کو بتایا کہ ای او بی آئی سے مردوں کو 60 سال کی عمر پر اور خواتین کارکنوں کو 55 سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد پنشن ملتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنشنرز کو ماہانہ پنشن دی جاتی ہے، کم سے کم ماہانہ پنشن 3600 روپے ہے، ادارے میں ای گورننس پر زور دیا جا رہا ہے اس وقت تک 80 فیصد نظام کمپیوٹرائزڈ ہو چکا ہے، باقی کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کی سرمایہ کاری طے کرنے کے لئے ایک بورڈ آف ٹرسٹیز قائم ہے، ماضی میں صرف چیئرمین فیصلے کرتا تھا اب ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف ٹرسٹیز بن چکا ہے لیکن سرمایہ کاری بورڈ وزیراعظم تشکیل دیں گے۔