قومی کرکٹ ٹیم کو باﺅلنگ کوچ کی نہیں بلکہ بیٹنگ کوچ کی ضرورت ہے ،عامر سہیل

قومی کرکٹ ٹیم کو باﺅلنگ کوچ کی نہیں بلکہ بیٹنگ کوچ کی ضرورت ہے ،عامر سہیل

لاہور(آئی اےن پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہاہے کہ وقار یونس کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنا سودمند فیصلہ نہیں ہوگا کیونکہ پاکستانی ٹیم کو ایسا کوچ درکار ہے جو بیٹنگ میں بہتری لا سکے۔ ایک انٹروےو میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کی مدت پوری ہونے کے بعد پی سی بی کو چاہئے کہ وہ بیٹنگ ہیڈ کوچ کا تقرر کرے۔ وقار یونس کو ہیڈ کوچ بنائے جانے کے امکان پر انہوں نے کہا کہ محمد اکرم کی موجودگی میں قومی کرکٹ ٹیم کو باﺅلنگ کوچ کی نہیں بلکہ بیٹنگ کوچ کی ضرورت ہے۔ عامر سہیل نے کہا کہ موجودہ حالات میں وقار یونس کا تقرر قومی ٹیم کیلئے سودمند ثابت نہیں ہو گا کیونکہ کھلاڑیوں کو ایسے کوچ کی ضرورت ہے جو بیٹنگ کرنا جانتا ہو اور قومی بیٹسمینوں کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے کام کر سکے۔

 انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کو بیٹنگ کا مسئلہ درپیش ہے اور بیشتر بیٹسمینوں کی کارکردگی میں تسلسل نظر نہیں آتا۔ عامر سہیل نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں نوجوان قومی کرکٹرز نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ بات ثابت کر دی کہ ہمیشہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہی کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے۔ عامر سہیل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جتنے زیادہ میچز کھیلے گی اتنا ہی اس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...