پنجاب اسمبلی کا اخبارات اور ٹی وی چینلز کو سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

پنجاب اسمبلی کا اخبارات اور ٹی وی چینلز کو سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر/سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی نے ملک بھر کے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے اداروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ گذشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے اتفاق رائے سے منظور کی جانے والی مذمتی قرار داد میں کیا گیا ہے جو اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی طرف سے پیش کی گئی تھی اور تمام جماعتوں نے اس کی تائید کی تھی۔ اس قرار داد میں کراچی میں نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی پر زور مذمت کرتا ہے اور اس حملے کو آزادی صحافت اور اظہار رائے پر حملہ قرار دیتا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر پانچ ماہ کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے یہ ایوان ایکسپریس نیوز کی انتظامیہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور صحافتی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریا پوری کرے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ تمام صوبائی خصوصاً پنجاب حکومت بھی تمام اشاعتی و نشریاتی اداروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے۔ اس سے پہلے وقفہ سوالات کے دوران پریس گیلری نے ”ایکسپریس نیوز“ پر حملے کیخلاف ایوان کی کارروائی کا علامتی کارروائی کا واک آﺅٹ کیا۔ حکومت اور اپوزیشن اراکین نے یقین دہانی کرائے کہ دہشت گردی کے اس حملے اور صحافتی اداروں کے خلاف اس قسم کے تمام منفی اقدامات کو تمام جماعتیں مسترد کرتی ہیں اور ان کی مذمت کرتی ہیں ۔حکومت اور اپوزیشن صحافیوں کے ساتھ ہے اور ان کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرینگی۔ اس یقین دہانی کے بعد صحافیوں نے واک آﺅٹ ختم کر دیا۔دریں اثناءپنجاب اسبلی کے باہر گزشتہ روز صدر پریس کلب لاہور ارشد انصاری کی قیادت میں صحافیوں نے روز نامہ ایکسپریس کے دفتر پر حملے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر صحافیوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ روز نامہ ایکسپریس پر حملے کے ملزموں کو فوراً گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور اخبارات کے دفاتر کی سیکیورٹی کا خاطر خواہ بندو بست کیا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آسکے۔

 سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

مزید :

صفحہ اول -